بھونیشور،4 ؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اڑیسہ میں مانسون کے حرکت میں آنے کے ساتھ ہی ڈینگو کا قہر شروع ہو گیا ہے۔ریاست میں کم سے کم 225لوگ ڈینگو سے متاثر ہیں۔ریاست کے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر اتنو سبیساچی نائک نے آج صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد کہاکہ ریاست میں تقریبا 225لوگوں میں ڈینگو کی علامات پائی گئی ہیں۔متاثرہ لوگوں میں سے 13کا مختلف ہسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں 12افراد کو کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اور ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے وہیں ایک مریض کا کیونجھر ضلع ہیڈکوارٹر اسپتا ل میں علاج کیا جا رہا ہے۔مریضوں کے فری چیک اپ اور علاج کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کیونجھر ضلع کے معدنی علاقے میں سب سے زیادہ 67لوگوں میں ڈینگو کی علامات پائی گئی ہیں لیکن اب تک اس بیماری سے کسی کے مارے جانے کی خبر نہیں ہے۔نائک نے کہا کہ کیونجھر ضلع کے بربل کمیونٹی ہیلتھ سینٹر اور ایس سی بی میڈیکل کالج اور ہسپتال میں خصوصی ڈینگو وارڈ کھولے گئے ہیں اور کٹک، بھونیشور اور سبل پور کے طبی ماہرین کو مریضوں کے علاج کے لیے متاثرہ علاقوں میں بھیجا گیا ہے۔کیونجھر کے ایڈیشنل ضلع میڈیکل آفیسر ایس ایس بل نے کہا کہ صورت حال قابو میں ہے۔